اسلام آباد ، 21 دسمبر (يو اين آئى) پاکستان کے وزير اعظم نواز شريف نے کہا ہے کہ برصغير ہند ميں امن اور استحکام کے لئے ہندوستان، پاکستان اور افغانستان کے درميان بہتر تعلقات کى ضرور ت ہے۔
پاکستانى روز نامہ “دى ڈان” ميں شائع شدہ رپورٹ کے مطابق ترکى ميڈيا کو کل ديئے گئے انٹرويو ميں مسٹر شريف نے کہا کہ ہندوستان ، پاکستان اور افغانستان کے درميان دوستانہ ماحول ہى اس علاقے کو استحکام اور خوشحال بنا سکے گا۔انہوں نے کہا کہ ان تينوں ملکوں کے درميان دوستانہ
تعلقات کے علاوہ اور کوئى متبادل نہيں ہے۔
افغانستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو اہم قرار ديتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ، افغانستان ميں امن برقرار رکھنے ميں اہم تعاون دے گا۔ مسٹر شريف نے افغانستا ن سے متصل سرحد پر صورتحال کو معمول پر لانے اور دہشت گردى کے خلاف جدوجہدکى تئيں پاکستان کے عہد کا اعادہ کيا۔
مسٹر شريف نے اس کے ساتھ ہى پاکستان کے ابھرتے ہوئے بازار اور اقتصادى نظام کے بہتر مواقع کى طرف توجہ مرکوز کراتے ہوئے سرمايہ کاروں کو يہاں آنے کى دعوت دى۔